جرائم

پشاور میں مہنگے داموں چینی کی فروخت پر 31 افراد گرفتار

 

 

پشاور میں محکمہ خوراک نے مہنگے داموں چینی کی فروخت پر 31 افراد کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا۔ سیکرٹری محکمہ خوراک محمد عابد وزیر اور ڈائریکٹر فوڈ یاسر حسن کی ہدایت پر راشننگ فوڈ کنٹرولر جمشید آفریدی نے جی ٹی روڈ‘ ہشت نگری‘ رنگ روڈ‘ یونیورسٹی اور حیات آباد کے مختلف مارکیٹوں بسم اللہ مارکیٹ‘ نواب مارکیٹ باڑہ روڈ اور اولڈ باڑہ روڈ پر چینی کے نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔

سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر مشتاق چائے فروش‘ گیلانی مارٹ‘ انصاف سپر سٹور اور بلال سپر سٹور حیات آباد سمیت دیگر سپر سٹورز مالکان اور مینیجرز کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ چینی کی فی کلو قیمت 176 روپے ہے جبکہ مذکورہ سپر سٹورز اور دکانوں میں 200 روپے فی کلو بیچی جا رہی تھی جس پر گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔

سیکرٹری محکمہ خوراک محمد عابد وزیر نے محکمہ خوراک کے افسران کی جانب سے کی جانیوالی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کو داد دی اور کہا کہ شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ ذخیرہ اندوزی‘ مصنوعی قلت اور مصنوعی گرانفروشی پیدا کرنیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ چینی کی مصنوعی قلت پیدا کرنیوالے اور گرانفروشی کے مرتکب سپر سٹورز مالکان اور دکاندار کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہمی کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button