صوابی میں جائیداد کے تنازعہ پر فائرنگ سے 4 بھائی جاں بحق ہوگئے
خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کے علاقے مانیری میں جائیداد کے تنازعہ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی گھر کے چار بھائی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ آج صبح مانیری کی حدود مولانوں بانڈہ میں پیش آیا جس کے نتیجے میں چار بھائی ولی اللہ، سبطین، عامر اور عماد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ سے نوید نامی شخص بھی زخمی ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال صوابی منتقل کئے گئے ہیں۔
پولیس نے بتایا ملزمان کے خلاف تاحال کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی جبکہ پولیس نے ملزمان کو پکڑنے کے لیے مختلف جہگوں پر چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔
ادھر متقولین کے ایک رشتہ دار نے ٹی این این سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مقتولین کے والد صفی اللہ کاکا اور مخالف فریق سید حسن کاکا کے مابین گزشتہ 10 سال سے دو کنال اراضی پر تنازعہ چل رہا تھا، دونوں خاندان ایک دوسرے کے خلاف عدالت چلے گئے تھے اور گزشتہ روز صوابی کے مقامی عدالت نے صفی اللہ کاکا کے حق میں فیصلہ سنایا تھا جس کے بعد آج صبح ان کے چاروں بیٹے مذکورہ اراضی میں کھڑے شہتوت کے ایک درخت کو کاٹ رہے تھے کہ اس دوران مخالف فریق نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چاروں بھائی جاں بحق ہوگئے۔