جرائم

نوشہرہ میں 9 سالہ بچہ تشدد کے بعد پھانسی دیکر قتل

 

آفتاب مہمند

ضلع نوشہرہ کے علاقہ بانڈہ ملا خان میں 9 سالہ حامد محمود نامی بچے کو تشدد کے بعد پھانسی دیکر قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے فوری کاروائی کرکے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

اس حوالے سے رابطہ کرنے پر بانڈہ ملا خان سے تعلق رکھنے والے مقتول بچے حامد محمود کے دادا جانس خان نے ٹی این این کو بتایا کہ ہر محلے کے بچے ہمیشہ کھیلتے رہتے ہیں اور لڑائی، جھگڑے وغیرہ بھی ہوتے رہتے ہیں۔ لڑائی جھگڑوں کے بعد وہی بچے تھوڑی ہی دیر بعد واپس اکٹھے ہو کر کھیلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں انکے نواسوں کا ہمسایوں ہاشم، حبیب وغیرہ کے بچوں کیساتھ معمولی لڑائی ہوئی تھی جسکے بعد بڑوں نے بھی مداخلت کی اور یوں معاملہ پولیس تک جا پہنچا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ غریب لوگ ہیں لہذا صلح کو ترجیح دیکر تھانہ اکبر پورہ ہی میں صلح کراکر معاملے کو ختم کرا دیا گیا تھا۔

گزشتہ روز اچانک انکا نواسا حامد محمود گھر سے جب باہر نکلا تو غائب ہوگیا بعد میں انکی تلاش شروع کر دی گئی۔ دوران تلاش انکو اطلاع ملی کہ انکے نواسے کو  وسیم، نعیم اللہ اور روخان وغیرہ ساتھ لیکر گئے اور اس کو قتل کرکے لاش بانڈہ ملا خان ہی کے ایک کھیت میں پھینکی گئی ہے۔ جونہی وہ کھیت کیطرف گئے تو حامد کی قتل شدہ لاش دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ بچے کے جسم پر کلاشنکوف کے بٹ سے مارنے کے نشانات بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ انکے نواسے کو گلے میں پھندا لگا کر پھانسی دے دی گئی تھی۔

جانس خان نے مزید بتایا کہ اتنا ضرور کہیں گے کہ بچوں کی لڑائی کا تنازعہ تو پولیس کی مدعیت میں صلح کے بعد ختم ہوگیا تھا پھر ایک چھوٹے بچے کا اسطرح کا قتل کیوں؟ انہوں نے کہا کہ حامد تیسری جماعت میں پڑھتا تھا اس طرح ایک مقامی مدرسے بھی پڑھنے جاتا تھا۔ جانس خان کے مطابق انکا بیٹا آصف محمود خود اتنا غریب ہے کہ محض دو مرلوں کے ایک گھر میں رہتا ہے اور محنت مزدوری کرکے بچوں کا پیٹ پالتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ فوری طور پر ایکشن لینے پر وہ نوشہرہ پولیس کی کارکردگی سے مطمئن ہے۔ بس انکی یہی ایک تمنا اور امید ہے کہ قانون کے مطابق ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

اس حوالے سے اکبر پورہ پولیس نے ٹی این این کو بتایا کہ مقتول بچے حامد محمود کے والد آصف محمود کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جسکے فوری بعد ڈی ایس پی پبی شفیع الرحمان خان اور تھانہ ایس ایچ او اکبر پورہ نیک سرعلی کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم تشکیل دیکر تحقیقات شروع کر دی گئیں ہے۔
تفتیشی ٹیم نے ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے شروع کر دیئے۔ ملزمان تک رسائی حاصل کرتے ہوئے وسیم ولد ہاشم اور روخان ولد حبیب ساکنان بانڈہ ملا خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر ملزمان ارتکاب جرم سے انکاری ہیں تاہم ملزمان سے مقدمے کے حوالے سے مختلف زاویوں سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button