جرائم

خیبر میں سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن، خالی مکان سے خودکش جیکٹ برآمد

 

محراب آفریدی

ضلع خیبر کے علاقے سلطان خیل میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران ایک مکان سے خودکش جیکٹ برآمد کرلیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن میں سیکورٹی فورسز اور پولیس نے حصہ لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران مکان سے خودکش جیکٹ برآمد ہوا ہے جبکہ چھاپے کے دوران مکان خالی تھا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کاروائی گزشتہ روز علاقہ علی مسجد سے گرفتار مشکوک شخص سے تفتیش کے نتیجے میں کی گئی۔ خودکش جیکٹ کو سیکورٹی فورسز نے ناکارہ بنادیا۔

دوسری جانب ضلع خیبر علی مسجد میں خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی کی نماز جنازہ گزشتہ شب شاہ کس پولیس لائنز میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔

خیبر پولیس لائنز شاہ کس میں ہونے والے نماز جنازہ میں ڈی پی اوخیبرسلیم عباس کلاچی ارمی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران سمیت مختلف مکتب فکر اور شہداء کے لواحقین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے ان کو سلامی پیش کی، ڈی پی او نے شہید کے بچوں اور دیگر لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے شہید کی جرات و بہادری اور پیشہ ورانہ خدمات پر انکو خراج عقیدت پیش کی۔

یاد رہے کہ ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی گزشتہ روز خودکش دھماکے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

سی سی پی او پشاور اشفاق انور کے مطابق علاقے میں مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، جس پر ایڈیشنل ایس ایچ او اور ان کے ساتھ نفری وہاں پہنچی تو حملہ آور نے ان کو دیکھ کر وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے حملہ آور کا تعاقب کیا اور اسی دوران حملہ آور مسجد کے اندر چلے گئے اور وہاں اس نے خود کو اڑا دیا، جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او جان سے گئے۔

خیال رہے کہ ضلع خیبر میں 20 جولائی کو باڑہ بازار کے تحصیل کمپاؤنڈ میں واقع پولیس اسٹیشن کے مرکزی دروازے کے قریب دھماکے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button