جرائم

پشاور پولیس پر ایک اور دہشت گرد حملہ، جوابی فائرنگ سے حملہ پسپا کر دیا گیا

پشاور میں ایک بار پھر پولیس پر دہشت گرد حملہ ہوا ہے،  پولس کے مطابق مؤثر جوابی کارروائی سے حملہ پسپا کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق شہر کے مضافاتی علاقے سربند میں ریاض شہید چوکی پر دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کی، تاہم چوکی میں موجود پولیس اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کر کے دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کردیا اور انہیں بھاگنے پر مجبور کیا۔

پولیس کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

ایس پی کینٹ وقاص رفیق کا کہنا ہے کہ 8 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر چوکی کے قریب آ رہے تھے، پولیس کے الرٹ ہونے کی وجہ سے دہشت گرد قریب پہنچنے میں ناکام ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ہائی الرٹ اور بروقت جوابی فائرنگ سے دہشت گرد حملے کو پسپا کردیا، جدید آلات کی مدد سے شدت پسندوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا گیا۔

واضح رہے کہ پشاور اور خیبر میں گزشتہ 48 گھنٹوں میں یہ دہشت گردوں کا چوتھا حملہ ہے جبکہ ریاض شہید چوکی پر اس سے قبل 7 جون کو بھی دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔

گزشتہ شب پشاور کے مضافاتی علاقے ریگی ماڈل ٹاؤن کے پولیس ناکے پر موجود پولیس اہلکاروں پر شدت پسندوں نے فائرنگ کی تھی جس سے 2 اہلکار موقع پر جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے تھے۔

بعد ازاں جمعرات کو خیبرکے باڑہ بازار میں تحصیل کمپاؤنڈکے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار جان سے گئے۔

Show More

Salman

سلمان یوسفزئی ایک ملٹی میڈیا جرنلسٹ ہے اور گزشتہ سات سالوں سے پشاور میں قومی اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ مختلف موضوعات پر کام کررہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹس

Back to top button