شمالی وزیرستان اور ڈی آئی خان میں کاروائی کے دوران دو دہشت گرد ہلاک
شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کاروائی کی اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارا گیا دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے قتل میں ملوث رہا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے کاروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحصیل درابن میں حساس اطلاعات پر کاراوائی کی گئی۔
کاروائی میں تحریک طالبان گنڈاپور گروپ کا دہشت گرد عرفان عرف گُڈ (لنگڑا) مارا گیا۔ دو دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ کاروائی میں پاک فوج سی ٹی ڈی اور پولیس بھی شامل تھی۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز کے ساتھ دہشت گردوں کا ایک گھنٹے تک مقابلہ جاری رہا۔ مارا جانے والا دہشت گرد عرفان، کمانڈر مظہر اور جبار شاہ کا قریبی ساتھی تھا۔ دہشت گردوں کا یہ گروہ درابن اور گردونواح میں چیک پوسٹوں پر حملوں اور دیگر کاروائیوں میں ملوث تھا۔