جرائم

شمالی وزیرستان میں جھڑپ کے نتیجے میں 3 سکیورٹی اہلکار جاں بحق

 

کیف آفریدی

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں 3 اہلکار جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق غلام خان کے علاقے تبی ٹول خیل میں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں نے حملہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے دہشتگردوں نے خڑ ورسک سیکیورٹی چک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں 3 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔

جاں بحق سکیورٹی اہلکاروں صوبیدار اصغر، لانس نائیک نسیم اور سپاہی زمان شامل ہیں۔ زخمیوں میں نائیک جمیل، نائیک محبت، نائیک وحید، سپاہی سلیمان، سپاہی کامران، سپاہی اورنگزیب، سپاہی سیف اللہ اور سپاہی عمر شاہ شامل ہیں جنکو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

سیکیورٹی فورسز کی موثر جوابی کارروائی میں 4 دہشتگرد بھی مارے گئے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

 

دوسری جانب ضلع خیبر سورکمر میں سیکیورٹی فورسز کی حوالداری چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے راکٹ لانچر سے حملہ کیا ہے۔
حملے کے دوران حوالداری پوسٹ پر دو راکٹ لانچر فائر کئے گئے۔ حملے میں ایک سیکیورٹی اہلکار نوید جاں بحق ہو گیا۔
سیکیورٹی فورسز کی جوابی فاٸرنگ سے ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا۔ باقی دہشتگرد فرار ہو گئے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

ضلع مہمند تحصیل صافی تھانہ لکڑو کی حدود میں خانقاہ پولیس چیک پوسٹ پر بھی رات گئے نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل عمرولی جاں بحق ہوگئے۔ عمر ولی ساگی بالا ضلع مہمند کا رہائشی تھا۔ مرحوم کو دوران ڈیوٹی فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button