جرائم

ریڈیو پاکستان سے قیمتی اشیاء چرانے والا ملزم گرفتار

 

انور خان

9 مئی کو ملک بھر میں ہنگامہ آرائی کے دوران پشاور کے ریڈیو پاکستان سے قیمتی اشیا چرانے والے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

خیبر پختونخوا پولیس نے 9 مئی کو ریڈیو پاکستان میں توڑ پھوڑ اور آتشزدگی کرنے والے مرکزی ملزم کو چارسدہ سے گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے چوری شدہ قیمتی ٹیپ ریکارڈر، مائیکرو فون، کیبل اور 3 مائیکس سمیت دیگر قیمتی سامان برآمد ہوا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ شرقی میں 9 اور 10 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ درج تھا، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد جہاں ملک بھر میں احتجاج اور مظاہرے کئے گئے وہیں خیبرپختونخوا اور پنجاب میں سرکاری املاک اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

پشاور میں مشتعل افراد کی جانب سے ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملہ کیا گیا جنہوں نے توڑ پھوڑ کے بعد بلڈنگ کو آگ لگادی۔ تقریباً 1200 سے 1300 افراد نے قلعہ بالاحصار پرفائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور 34 زخمی ہوئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button