لکی مروت: مکان پر بجلی کا تار گرنے سے دو خواتین جاں بحق، پانچ افراد زخمی
آفتاب مہمند
لکی مروت میں مکان پر بجلی کا تار گرنے کے نیتجے میں ایک بچی سمیت دو خواتین جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ لکی مروت کے دور دراز علاقہ خیروخیل یکہ میں نعمت اللہ نامی شخص کے گھر پیش آیا۔
ٹی این این سے بات کرتے ہوئے نعمت اللہ کے بھتیجے ارشاد اللہ نے بتایا کہ گزشتہ رات نعمت اللہ کے گھر پر بجلی کا گیارہ ہزار ٹرانسمیشن لائن آگرا جس کے نتیجے میں نعمت اللہ کی بیوی، بیٹی اور ایک کمسن نواسی جاں بحق ہوگئی جبکہ تار گرنے سے ہمسایوں کے گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو لکی مروت ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں سے ایک بچی کو نازک حالت میں پشاور بھیج دیا گیا۔
ارشاد کے بقول ایک سال قبل بھی اسی لائن کا تار آبادی پر گرا تھا جس کے باعث کئی گھروں میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ مذکورہ لائن بوسیدہ ہوچکا تھا جس کو گھر والوں نے ویلڈنگ وائرس سے باندھ لیا تھا تاہم پھر بھی واقعہ پیش آیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک سال قبل واپڈا حکام کو اس حوالے سے آگاہ کیا تھا لیکن آج تک ان کی بات نہیں سنی گئی جبکہ حالیہ واقعہ کا مقدمہ بھی درج نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی پوسٹ مارٹم اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعہ کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔