مردان: مبینہ توہین رسالت کے الزام میں ایک شخص قتل
عبدالستار
مردان کے علاقے ساولڈھیر میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی میں مبینہ طور پر توہین رسالت کے الزم میں مشتغل ہجوم نے ایک شخص کو تشدد کرکے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق تحصیل کاٹلنگ کے علاقے ساولڈھیر میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کال پر ریلی نکالی گئی تھی جس میں احتتامی دعا کے لئے مولوی نگارعالم کو تقریر کے لئے موقع دیا گیا اور انہوں نے جذباتی ہوکر مبینہ طور پر گستاخانہ الفاظ ادا کئے جس پر ریلی میں موجود عوام مشتغل ہوگئے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کردیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نجیب الرحمن نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے مشتعل ہجوم کو منتشر کردیا جبکہ مقتول کی لاش کو قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، واقعے کی شواہد اکھٹے کی جارہی ہے اور واقعے کی تفتیش بھی شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کے دوران پولیس مزاحمت کرنے میں بے بس نظر آئے جبکہ قتل کے بعد مردان پولیس کی بھری نفری اور افسران پہنچ گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہجوم میں 400 سے 500 تک لوگ شامل تھے اور جلسے کے دوران مقتول کو گیرے میں لے کر اس کو مار پیٹ کر قتل کیا۔
ادھر نگران وزیر اعلیٰ اعظم خان نے اس واقعے کو ناخوشگوار اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی جلسوں کو سیاسی بیانات تک ہی محدود رکھنا چاہیے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں اور ایسے معاملات میں قانون کو اپنا راستہ اپنانے دیں۔
بیان میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ واقعے کے تناظر میں علمائے کرام کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
یاد رہے کہ ضلع مردان میں سال 2017 میں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے طالب علم مشال خان کو بھی مشتعل ہجوم نے توہین مذہب کے الزام میں تشدد کرکے قتل کردیا گیا تھا۔