درہ آدم خیل: کوئلے کی کان میں دھماکہ، ایک مزدور جاں بحق
خیبر پختونخوا: درہ آدم خیل کے پہاڑی علاقے اخوروال میں کوئلے کی کان میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک مزدور جاں بحق، 4 زخمی ہو گئے۔
زرائع کے مطابق زاھد کول مائن میں گیس بھر جانے سے دھماکہ کی اطلاع موصول ہوئی جسس کے نتیجے میں پانچ کان کن دب گئے تھے، دھماکے کے بعد کوہاٹ اور پشاور سے ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق کان میں 5 مزدور دبے تھے، ایک کی لاش اور 4 کو زخمی حالت میں نکالا گیا۔
دوسری جانب ریسکیو 1122 کوہاٹ کے مطابق واقعہ گزشتہ شب درہ آدم خیل کے پہاڑی علاقے اخوروال میں پیش آیا اور اس میں ایک ہی مزدور ملبے تلے دب گیا تھا جبکہ ایک مقامی شخص امدادی کارروائی کے دوران بے ہوش ہو گیا تھا۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کوہاٹ اور پشاور کی ٹیموں نے رات گئے سرچ آپریشن شروع کیا اور امدادی کاروائیوں کے دوران دونوں افراد، ایک کو زندہ اور دوسرے کو مردہ حالت میں نکال لیا گیا۔