دیرلوئر: معمولی تکرار پر چار بچوں کی ماں قتل
لوئر دیر: رباط ڈب ناغہ میں معمولی تکرار پر ملزمان نے کلہاڑی سے وار کر کے خاتون کو قتل کر دیا، وقوعہ کے بعد علاقے کے عوام نے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا جس پر خال پولیس نے ملزمان تک پہنچنے اور جلدی گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
خال پولیس کے مطابق رباط ڈب ناغہ میں دو ہمسایوں کے درمیان معمولی مسئلہ پر تکرار ہوئی تھی جس کے بعد ملزم خان بہادر ولد نواب خان، جو کہ افغان مہاجر بتایا جاتا ہے، نے کلہاڑی سے پے در پے وار کر کے خاتون مسماۃ (ن) کو شدید زخمی کر دیا، پولیس کو اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او خال مہران شاہ نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور انہوں نے خاتون کو گاڑی میں ڈال کر ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال تیمرگرہ اور بعدازاں حالت تشویش ناک ہونے کی وجہ سے پشاور منتقل کر دیا گیا جہاں خاتون زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہو گئی۔
دوسری جانب علاقے کے عوام نے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا، بعدازاں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر فخر عالم اور ایس ایچ او خال مہران شاہ نے مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کئے جس کے بعد مظاہرین پرامن طور منتشر ہو گئے۔
مقتولہ خاتون کا بنیادی تعلق چترال سے بتایا جاتا ہے، بروال دیربالا میں ان کی شادی ہوئی، ان کا خاوند سعودی عرب میں بسلسلہ روزگار مقیم ہیں، کچھ عرصہ قبل بروال چھوڑ کر رباط ڈب ناغہ میں رہائش پذیر ہو گئے تھے۔
مقتولہ چار بچوں کی ماں تھی، جو اس شدید سردی میں سڑک پر اپنی ماں کے لاش کے ساتھ کھڑے رہے، زاروقطار روتے رہے اور اپنی ماں کو مسلسل پکارتے رہے۔ ان رقت آمیز مناظر نے موقع پر موجود لوگوں کو رلا دیا جبکہ اس موقع پر موجود بچوں کے ماموں ان کو مسلسل دلاسہ دیتے رہے۔
خال پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی، اور یہ دعویٰ کیا ہے کہ وہ ملزم تک پہنچ گئے ہیں اور بہت جلدی ملزم کو گرفتار کیا جائے گا۔