جرائم

کوئٹہ: پولیس پر خودکش حملہ، بچے سمیت دو افراد جاں بحق 24 زخمی

کوئٹہ: بلیلی کسٹم کے علاقے میں کچلاک بائی پاس پر بلوچستان کانسٹیبلری پر خودکش دھماکے میں بچے سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 20 پولیس اہلکاروں سمیت 24 افراد زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ کچلاک بائی پاس پر پولیس ٹرک کے قریب ہوا جس میں سوار پولیس اہل کار پولیو مہم کے لیے ڈیوٹی پر جا رہے تھے۔ وقوعہ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کر دی۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ایمبولینس جائے وقوع کی جانب روانہ کردی گئیں جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے کے باعث قریب سے گزرنے والی گاڑی بھی زد میں آ گئی اور اس میں سوار ایک خاتون بھی زخمی ہو گئی۔

ابتدائی طور پر دھماکے میں 10 پولیس اہلکاروں سمیت 15 افراد زخمی ہوئے تھے تاہم بعد میں 20 پولیس اہل کاروں سمیت 24 افراد کے زخمی ہونے جبکہ ایک بچے اور پولیس اہل کار کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں، لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ اظفر مہیسر کے مطابق دھماکہ خودکش تھا جس میں 20 سے 25 کلوگرام بارودی مواد استعمال ہوا، واقعے کے بعد شہر میں سکیورٹی بڑھا دی گئی، دھماکے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے جن میں ایک پولیس اہلکار اور راہگیر شامل ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے بلیلی چیک پوسٹ بلوچستان میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں اور بچے کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے اور کہا ہے کہ دھماکا بظاہرخودکش لگتا ہے، بلوچستان حکومت سے واقعے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پولیس شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتا ہوں، قوم کو ان کی قربانیوں پر فخر ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button