جرائم

نوشہرہ: پولیو ڈیوٹی کے دوران خواتین ورکرز کی ویڈیو بنانے پر پولیس اہلکار معطل

نوشہرہ: پولیو ڈیوٹی کے دوران لیڈی ہیلتھ ورکرز کی ویڈیو بنانے اور سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والا پولیس اہلکار معطل کر دیا گیا۔

پولیس اہلکار کی جانب سے سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر نوشہرہ کی لیڈی ہیلتھ ورکرز یونین نے سخت غم و غصہ کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ اس واقعہ کا سخت نوٹس لیں۔

بعدازاں قائم مقام ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقاص رفیق نے سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے ویڈیو بنانے والے پولیس اہلکار کو معطل کر کے لائن حاضر کر دیا اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر شیر افسر خان کو انکوئری کے احکامات جاری کر دیئے۔

اس حوالے سے جاری اپنے بیان میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے کہا کہ اسلامی روایات، پشتون کلچر کے مطابق خواتین کی عزت و تکریم ہماری پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، پولیو ورکر ہوں یا عام خواتین نوشہرہ پولیس ان کی عصمت و عفت کی محافظ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام پولیس افسران و جوانان کو سختی سے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں کہ کوئی بھی آئندہ اس طرح کی ویڈیو نہیں بنائے گا بصورت دیگر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button