جرائم

بازار میں پیشاب، کوہستان کے شہری پر مقدمہ درج

بازار میں پیشاب کرنے پر کوہستان کے ایک شہری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

کوہستان کے تھانہ کمیلہ میں درج ایف آئی آر کے مطابق عمر بادشاہ نامی شخص بھرے بازار میں لوگوں کے سامنے پیشاب کر رہا تھا جس سے بازار میں موجود شہریوں کے جذبات مجروح ہوئے، موقع پر موجود پولیس اہلکار نے مذکورہ شخص کی اس حرکت پر اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، ایف آئی آر میں پی پی سی 294، 278 کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ٹی این این سے ٹیلیفونک گفتگو میں تھانہ کمیلہ کے ایس ایچ او نصیر الدین کا کہنا تھا کہ ملزم کی اس بیہودہ حرکت سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، بازار میں صرف مرد نہیں خواتین اور بچے بھی ہوتے ہیں۔

‎ملزم عمر بادشاہ کا موقف تھا کہ بازار میں پیشاب کرنا ان کی غلطی تھی، ایسا نہیں کرنا چاہئے تھا۔

پشاور ہائی کورٹ کے وکیل عباس سنگین کہتے ہیں سیکشن 294 گندگی پھیلانے کے حوالے سے ہے اور اس میں تین ماہ قید اور جرمانہ ہو سکتا ہے جبکہ سیکشن 278 عوام کے سامنے کوئی ایسی حرکت کرنے پر لگتا ہے جس سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوں اور اس پر 15 سو روپے جرمانہ لگایا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چھوٹی چھوٹی چیزوں پر مقدمات درج کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، ملک میں ہر جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہیں لیکن کسی پر مقدمہ درج نہیں ہوا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button