جرائم

چمن: نامعلوم ملزمان نے مقامی سرجن کے تین بیٹوں کو قتل کر دیا

چمن شہر سے تعلق رکھنے والے سرجن ڈاکٹر عبدالناصر اچکزئی کے تین بیٹوں کو کوئٹہ ریلوے کالونی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

چمن شہر سے تعلق رکھنے والے آرتھوپیڈک ڈاکٹر عبدالناصر اچکزئی کے تین بیٹے ریلوئے کالونی نزد جوائنٹ روڈ پر واقع ایک فیملی ہال میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس گھر آ رہے تھے کہ گھات لگائے حملہ آوروں نے گھر کے قریب ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے نتیجے میں ڈاکٹر عبدالناصر اچکزئی کے تین بیٹے 8 سالہ ایان، 18 سالہ صدران اور 20 سالہ زریان موقع پر جاں بحق ہو گئے۔

وقوعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور میتوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا۔ آئی جی بلوچستان نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی کوئٹہ سے رپورٹ طلب کر لی۔

انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ کا کہنا تھا کہ حملے میں ملوث افراد کسی رحم کے مستحق نہیں ہیں اور بہت جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے تاہم کسی گروپ یا تنظیم کی جانب سے واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی، پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔

درایں اثنا عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے ریلوے کالونی میں ڈاکٹر ناصر خان اچکزئی کے 3 بیٹوں کو شہید کرنے اور دو افراد کو زخمی کرنے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، کوئٹہ شہر میں بے گناہ نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شہید کرنے کا واقعہ کھلی دہشت گردی ہے اور حکومت اور انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

اصغر خان نے مزید کہا کہ حکومت شہداء کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے ان کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button