جرائم

مردان: تاجر کی اغوائیگی میں پولیس اہلکار ملوث نکلے

مردان میں چند دن قبل اغواء کئے جانے والے تاجر کی اغوائیگی میں پولیس اہلکار ملوث نکلے، اہلکاروں نے مغوی کی رہائی کے بدلے 2 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا، انسداد منشیات ٹیم کے 6 اہلکاروں کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج کر کے تمام اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

سعودی پلٹ کاروباری شخصیت وہاب خان کو تھانہ شیخ ملتون کے علاقہ گلشن ٹاؤن سے چند دن پہلے پولیس کی انسدادِ منشیات ٹیم کے اہلکار نامعلوم مقام پر لے گئے اور رہائی کے بدلے مغوی کے بھائی حاجی رفیق سے دو کروڑ کا مطالبہ کیا۔

مغوی کے بھائی کے مطابق وہاب خان کے پاس اے ٹی ایم کارڈ تھا جس کے ذریعے اغواکاروں کو ادائیگی کا کہا، جب اغوا کار مغوی کو ایک مقامی بینک کے اے ٹی ایم مشین لائے تو انہوں نے وہاں شور مچا دیا جس پر اغواکار بھاگ گئے اور بینک عملے نے مغوی کو بچا لیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مبینہ طور پر اغواکار مغوی سے اے ٹی ایم کے اندر رقم وصول کر رہے ہیں۔

کیس کی ابتدا میں ڈسٹرکٹ پولیس نے اپنے پیٹی بند بھائیوں کو بچانے کے لئے معاملہ چھپایا تاہم میڈیا پر خبر آنے کے بعد انسداد منشیات ٹیم کے 6 اہلکاروں کے خلاف شیخ ملتون میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔

شیخ ملتون پولیس نے حاجی رفیق کی مدعیت میں سب انسپکٹر عبدالبصیر، ہیڈکانسٹیبل صابر علی، کانسٹیلز وسیم عباس، راج ولی، جلال اور ڈرائیور کانسٹیبل عارف کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج کر کے ان تمام اہلکاروں کو گرفتار کر لیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button