جرائم

شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ، تین افراد قتل

شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا اور مزید 3 افراد کو بھرے بازار میں موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

شمالی وزیرستان پولیس کے مطابق میرعلی بازار میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دو افراد فردوس اور ازمار علی کو قتل کر دیا جبکہ خوشحالی کے علاقے سے فیاض نامی شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

پولیس زرائع کے مطابق فیاض کو چند دن پہلے میرعلی بازار سے اغوا کیا گیا تھا۔

مقتول اسمعیل (فائل فوٹو)

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی شمالی وزیرستان میر علی سب ڈویژن میں ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جب گاؤں حیدر خیل میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے اسماعیل نامی نوجوان کو قتل کر دیا تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ اس سے قبل 15 جولائی کو شمالی وزیرستان میں نامعلوم افراد نے جمیعت علمائے اسلام سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو قتل کر دیا تھا۔

تحصیل میر علی عیدک میں جمیعت علمائے اسلام کے میر علی تحصیل کے امیر قاری سمیع الدین اور قاری نعمان صاحب کو نامعلوم افراد نے قتل کر دیا تھا۔

مختلف ذرائع کے مطابق ضرب عضب آپریشن کے بعد شمالی وزیرستان میں اب تک پانچ سو سے زائد افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button