جرائم

اٹک: 10 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا قاتل مقتولہ کا استاد، مسجد کا پیش امام نکلا

چند روز قبل اٹک میں 10 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم کوئی اور نہیں مقتولہ کا استاد اور مقامی مسجد کا پیش امام نکلا، پولیس نے اس اندھے کیس کا سراغ لگاتے ہوئے سفاک قاتل کو گرفتار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق ملزم اکرام حافظ قرآن ہے اور کوہاٹ کا رہائشی ہے، عرصہ دراز سے اٹک کے علاقہ فقیر آباد میں رہائش پذیر ہے، جامع مسجد بلال کا امام بھی ہے اور علاقے میں مختلف گھروں میں جا کر بچے اور بچیوں کو قرآن پاک پڑھاتا تھا۔

زرائع کے مطابق ملزم قتل ہونے والی بچی کے گھر بھی اس دن قرآن پڑھانے گیا اور اس بچی سے یہ شیطانی عمل کیا، زیادتی کے دوران بچی کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ گئی جس کے بعد اس کو سر میں اینٹوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔

ملزم نے بچی کو قتل کرنے کے بعد لاش فقیر آباد کی پرانی جنازہ گاہ میں پھینک دی اور پھر خود لواحقین کے ساتھ مل کر بچی کو تلاش کرتا رہا، بعدازاں پولیس کو اس پر شک ہوا تو اسے گرفتار کر لیا گیا اور دوران تفتیش اس نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔

خیال رہے کہ آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے  واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے واقعہ کی فوری  رپورٹ طلب کی تھی اور ملزم کی فوری گرفتاری کیلئے اسپیشل ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ سفاک ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

مقتولہ بچی کے لواحقین نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور ملزم کو سخت سے سخت سزا دے کر نشانِ عبرت بنایا جائے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button