پشاور حملہ: عقیق حسین بھی اپنے ننھے بیٹے فہیم عباس کے پاس چلے گئے
پشاور بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے ننھے فہیم عباس کے والد عقیق حسین بھی زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہو گئے جس کے بعد پاراچنار سے تعلق رکھنے والے شہدا کی تعداد چودہ ہو گئی، علاقے کی فضا ابھی تک سوگوار اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔
پشاور کے کوچہ رسالدار میں جمعہ کے روز ہونے والے خودکش حملے میں پاراچنار سے تعلق رکھنے والے تیرہ افراد بھی شہید ہو گئے تھے جن میں ایک ننھا شہید فہیم عباس بھی شامل تھا جو کہ اپنے والد عقیق حسین بنگش کے ہمراہ نماز جمعہ ادا کرنے امامیہ مسجد گیا تھا۔
خودکش حملے میں ننھا فہیم عباس موقع پر شہید ہو گیا تھا جبکہ اس کے والد عقیق حسین شدید زخمی ہو گئے تھے اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے آئی سی یو میں زیر علاج تھے۔
https://www.youtube.com/watch?v=MxWAbDGy4vo
تاہم عقیق حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنے ننھے بیٹے فہیم عباس کے پاس چلے گئے۔ ان کی میت پاراچنار پہنچا دی گئی جہاں پر ان کی نماز جنازہ مرکزی امام بارگاہ میں ادا کر دی گئی اور شہید کا جسد خاکی طوری قبرستان میں ان کے ننھے بیٹے کے پہلو میں دفنا دیا گیا۔
خیال رہے کہ پشاور حملے میں پاراچنار سے تعلق رکھنے والے شہدا کی تعداد چودہ ہو گئی ہے جبکہ تیس سے زائد افراد زخمی ہیں۔