مردان: شوہر کے قتل کا الزام، جیل سے رہا ہونے والی خاتون کو سسرالیوں نے مار ڈالا
مردان: شوہر کے قتل کے الزام میں جیل سے رہا ہونے والی خاتون سسرالیوں کے ہاتھوں قتل ہو گئی۔
مسماۃ واحدہ ساکن دیر حال منگا کے رہائشی نے تھانہ صدر پولیس کو بتایا کہ اس کی بیٹی مسماۃ ریشما کی شادی تین ماہ قبل نیاز محمد ولد جان محمد کے ساتھ انجام پائی تھی، دو ماہ قبل نیاز محمد کو کسی نے قتل کر دیا تھا جس کے الزام میں ریشما ایبٹ آباد جیل میں تھی، ایک ہفتہ قبل رہا ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ وقوعہ کے روز وہ اپنے والد شریف خان سے ملنے تخت بھائی گئی ہوئی تھی، واپسی پر چنگ چی سے اترتے ہی مبینہ ملزمان جان محمد، اس کے بھائی سید محمد اور تیسرے ساتھی یاسر نے مل کر فائرنگ کر دی جس سے ریشما لگ کر موقع پر جاں بحق ہو گئی جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
گاڑی کھائی میں گرنے سے 3 افراد جاں بحق
دوسری جانب ایبٹ آباد میں گاڑی گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔
زرائع کے مطابق ایبٹ آباد کے دورافتادہ پہاڑی علاقے مکول پائیں گورنمنٹ ہائی اسکول کے قریب شدید پھسلن کے باعث گاڑی گہری کھائی میں جا گری، حادثے کے وقت گاڑی میں 4 لوگ سوار تھے جن میں ایک خاتون زوجہ شوکت سمیت گل نواز اور سعد موقع پر جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوا جسے طبعی امداد کیلئے لورہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔
مقامی لوگوں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے لاشیں گہری کھائی سے نکال کر ورثا کے حوالے کر دیں۔
دو کنٹینر آپس میں ٹکرا گئے
کرک مین انڈس ہائی وے پر سپینہ موڑ میں دو کنٹینروں کے مابین ایکسیڈنٹ، حادثے میں تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ایمبولینس کو میڈیکل ٹیم کے ساتھ موقع پر روانہ کر دیا گیا،
ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کر کے زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دی اور بعدازاں انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کر ک منتقل کر دیا۔
زبانی تکرار پر فائرنگ، ایک نوجوان زخمی
اسی طرح پشاور کے علاقہ خزانہ نیو گڑھی میں زبانی تکرار پر ایک شخص کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا۔ اسد خان ولد گل خان ساکن نیو گڑھی نے زخمی حالت میں بیان دیتے ہوئے خزانہ پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز وہ اپنے علاقے میں موجود تھا کہ اس دوران ملزمان کاشف ولد اجمل، احتشام ولد جہانزیب اور عبد الرحمن ولد نامعلوم نے زبانی تکرار پر فائرنگ کر کے اسے زخمی کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
دیرینہ عداوت پر ایک شخص گھر کے اندر قتل
پشاور ہی کے علاقہ بڈھ بیر ماماخیل میں دیرینہ عداوت پر ایک شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہو گئے، پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی اور مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
امان اللہ ولد اولس ساکن ماماخیل نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بڈھ بیر پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز اس کا چچا زاد بھائی سجاد خان اپنے گھر میں موجود تھا کہ اس دوران ملزمان جہانزیب ولد وارث اور عالم زیب ولد جہانزیب ساکنان ماما خیل نے گھر میں گھس کر اس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں وہ متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ مدعی کے مطابق ملزمان کے ساتھ ان کی سابقہ دشمنی چلی آ رہی ہے۔
نہر سے جوانسال لڑکے کی نعش برآمد
دوسری جانب پشاور کے علاقہ چمکنی میں نہر سے جوانسال لڑکے نعش برآمد ہو گئی۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز ترناب نہر سے ایک لاوارث نعش برآمد ہوئی جس کی عمر 30 سال کے قریب ہے جس کی نعش مردہ خانہ منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔