افغانستانجرائم

مزار شریف: معروف افغان ڈاکٹر کا اغوا اور بھاری تاوان کے بعد بہیمانہ قتل

افغانستان کے شمالی شہر مزار شریف میں ایک معروف افغان ڈاکٹر نادر علیمی کو اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتول کے بیٹے روحین علیمی نے بتایا کہ محمد نادر علیمی کو دو ماہ قبل صوبہ بلخ کے دارالحکومت مزار شریف سے اغوا کیا گیا تھا اور اغواکاروں نے ان کی رہائی کے لیے لاکھوں ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔

ان کے خاندان نے اغواکاروں کو ساڑھے تین لاکھ ڈالر تاوان میں ادا کیے تھے جبکہ انھوں نے اس سے دگنی رقم دینے کا مطالبہ کیا تھا مگر بات چیت کے بعد وہ مذکورہ رقم کے بدلے میں ڈاکٹر نادر کو رہا کرنے پر آمادہ ہو گئے تھے۔

ان کے بیٹے نے بتایا کہ بھاری رقم کی وصولی کے باوجود اغواکاروں نے نادر علیمی کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا اور ان کی لاش ایک شاہراہ پر پھینک دی تھی اور خاندان کو اس بارے میں بتا دیا تھا کہ وہ کہاں سے مقتول کی لاش لے سکتے ہیں۔

روحین علیمی نے کہا کہ میرے والد کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، ان کے جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے نشانات تھے۔

طالبان کی وزارت داخلہ کے ترجمان سعید خوستی نے بتایا کہ ان کی سکیورٹی فورسز نے آٹھ مشتبہ اغواکاروں کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مزید دو کی تلاش جاری ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button