جرائم

پشاور: فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو افراد قتل 3 زخمی

پشاور میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں جوانسال لڑکے سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔

پشاور کے علاقہ بڈھ بیر شیخان میں سابقہ دشمنی کی بناء پر ایک شخص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہو گئے، پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی اور مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔

شہزاد ولد محمد شفیق ساکن شیخان نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بڈھ بیر پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز اس کا چچا زاد بھائی قدرت اللہ ولد عبد الرحمن گھر سے نکل کر لاپتہ ہو گیا تھا تاہم اگلی صبح کھیتوں سے اس کی نعش برآمد ہوئی جسے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

مدعی کے مطابق ان کی دیرینہ دشمنی چلی آ رہی ہے اور اس کے چچازاد کو عبید اللہ، عباس، حمزہ پسران جمشید ساکنان شیخان نے فائرنگ کر کے قتل کیا ہے جو واردات کے بعد فرار ہو گئے، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

متنی: جوانسال لڑکے کا لرزہ خیز قتل

پشاور ہی کے علاقہ متنی غازی آباد میں نامعلوم افراد نے جوانسال لڑکے کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب، پولیس نے مقدمہ درج کر کے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کر دیا۔

بسم اللہ ولد ستار خان ساکن غازی آباد نے رپورٹ درج کراتے ہوئے متنی پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز اس کا بیٹا 24 سالہ سبحان اللہ کسی کام کی غرض سے باہر نکلا تاہم کچھ دیر بعد اطلاع ملی کہ مکان کے قریب اس کی نعش پڑی ہے جیسے ہی وہ باہر نکلا تو واقعی اس کے بیٹے کی قتل شدہ نعش پڑی تھی جسے نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی اور مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔

قتل کا خطاء کا مقدمہ ڈیڑھ ماہ بعد درج

دوسری جانب پشاور کے علاقہ ریگی سفید سنگ میں ڈیڑھ ماہ قبل ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران فائرنگ سے جاں بحق نوجوان کے قتل خطاء کا مقدمہ اس کے 3 دوستوں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔

بلال خان ولد انور خان ساکن سفید سنگ نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ اس کا بھائی 19 سالہ احترام 19 ستمبر 2021 کو اپنے دوستوں آصف ولد شفیع اللہ، عامر ولد سنگین اور سمیع اللہ ولد ثمین ساکنان سفید سنگ کے ہمراہ اسلحہ کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہا تھا کہ اس دوران فائرنگ سے لگ کر وہ جاں بحق ہو گیا لہٰذا مذکورہ بالا تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

تھانہ ریگی پولیس نے عدالتی احکامات پر تینوں ملزمان کے خلاف 322 اور 201 پی پی سی کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

دیرینہ دشمنی پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی

اسی طرح پشاور کے علاقہ بڈھ بیر سیفن چوک میں دیرینہ عداوت پر مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

حسیب اللہ ولد عطاء اللہ ساکن کگہ ولہ نے زخمی حالت میں بیان دیتے ہوئے بڈھ بیر پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ سیفن چوک میں موجود تھا کہ اس دوران ملزمان رومان، زاہد، عرفان، عاصم، ثناء اللہ اور وسیع اللہ نے آ کر اس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ لگ کر زخمی ہو گیا۔ مجروح کے مطابق ملزمان کے ساتھ ان کی دیرینہ عداوت چلی آ رہی ہے جو واردات کے بعد فرار ہو گئے۔

پانی پائپ کے تنازعہ پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی

اسی طرح پشاور کے علاقہ متھرا کانیزہ میں پانی پائپ کے تنازعہ پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا۔

سید مصور شاہ ولد سید رحمن ساکن کانیزہ نے رپورٹ درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز اس کی اپنے ہمسایہ مصباح اللہ ولد حمید اللہ کے ساتھ پانی پائپ کے تنازعہ پر لڑائی ہوئی جس کے دوران اس نے پستول نکال کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ لگ کر زخمی ہو گیا، بعد ازاں مقامی افراد نے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

جوانسال لڑکا اتفاقیہ گولی لگنے سے زخمی

دوسری جانب پشاور کے علاقہ پشتہ خرہ میں جوانسال لڑکا اتفاقیہ طور پر گولی چل جانے سے زخمی ہو گیا۔

نعمان ولد امان اللہ ساکن تاج آباد نے زخمی حالت میں بیان دیتے ہوئے پشتہ خرہ پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز وہ اپنی دکان میں موجود تھا کہ اس دوران اپنا لوڈڈ پستول نکال کر سائیڈ پر رکھ رہا تھا کہ اس دوران غلطی سے گولی چل جانے سے وہ پاؤں پر لگ کر زخمی ہو گیا جسے مقامی افراد نے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

فریقین کے مابین فائرنگ تبادلہ، گاڑی اور مکان کو نقصان

پشاور کے علاقہ ابراہیم خیل میں فریقین کے مابین فائرنگ تبادلہ میں گاڑی اور گھر کو جزوی نقصان پہنچا۔ تھانہ رحمن بابا کے سب انسپکٹر صابر حسین کے مطابق گزشتہ روز ابراہیم خیل میں دو فریقین تحسین اللہ ولد امان اللہ اور قیصر خان ولد خواجہ محمد کے مابین جائیداد تنازعہ پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک گاڑی اور ایک مکان کی گیٹ کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ علاقے میں خوف و ہراس بھی پھیلا۔

پولیس کے مطابق چھاپے سے قبل ملزمان فرار ہو گئے جن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش بھی شروع کر دی گئی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button