شمالی وزیرستان: جھڑپ کے دوران دو سکیورٹی اہلکار جاں بحق
شمالی وزیرستان تحصیل میرانشاہ میں جھڑپ کے دوران دو سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ کے نتیجے میں 2 سیکورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے، نائیک خلیل بنگش اور سپاہی شاکر جاں بحق ہونے والوں میں جبکہ حولدار امجد اور لاس نائیک جوہر زخمیوں میں شامل ہیں۔
جاں بحق اور زخمیوں کو میرانشاہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
یاد رہے دو روز قبل خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور چار پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل وڑ ماموند کے علاقہ تیر بانڈگئی میں پولیس فورس اور ایف سی کی گاڑی پر اس وقت دھماکہ ہوا جب وہ اس سے قبل ہونے والے بم دھماکے کی تحقیقات کیلئے جارہے تھے کہ راستے میں اچانک گاڑی پر ریموٹ کنٹرول دھماکہ ہوا۔
پولیس نے بتایا دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اور دو ایف سی اہلکار موقع پر جاں بحق ہوگئے جس میں پولیس ڈرائیور صمد خان، پولیس کانسٹیبل نور رحمان، ایف سی اہلکار جمشید اور مدثر شامل ہیں۔