باجوڑ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر بم دھماکہ، چار اہلکار جاں بحق
خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور چار پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل وڑ ماموند کے علاقہ تیر بانڈگئی میں پولیس فورس اور ایف سی کی گاڑی پر اس وقت دھماکہ ہوا جب وہ اس سے قبل ہونے والے بم دھماکے کی تحقیقات کیلئے جارہے تھے کہ راستے میں اچانک گاڑی پر ریموٹ کنٹرول دھماکہ ہوا۔
پولیس نے بتایا دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اور دو ایف سی اہلکار موقع پر جاں بحق ہوگئے جس میں پولیس ڈرائیور صمد خان، پولیس کانسٹیبل نور رحمان، ایف سی اہلکار جمشید اور مدثر شامل ہیں۔
واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس نے جائے وقوعہ پہنچ کر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔
یاد رہے کہ اس قبل سے قبل سہ پہر چار بچے بھی ایک سویلین گاڑی پر بم دھماکہ ہوا تھا جس میں دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔
دوسری جانب ہنگو کے علاقے تھل میں دہشت گردوں نے فوجی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 26 سالہ سپاہی وقاص جاں بحق ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ شب دہشت گردوں نے فوجی چوکی پر فائرنگ کردی۔ سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر مؤثر جوابی کارروائی کی تاہم فائرنگ کے تبادلے میں 26 سالہ نوجوان سپاہی وقاص شہید ہو گیا، جاں بحق سپاہی وقاص کا تعلق مانسہرہ سے تھا۔
واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔