جرائم

لوئردیر: نماز جنازہ کے دوران فائرنگ، 9 افراد جاں بحق 17 سے زائد زخمی

لوٸر دیر: طورمنگ درہ میں جنازہ میں شریک فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 17 سے زاٸد افراد زخمی ہو گئے۔

خال پولیس کے مطابق مسلم لیگ کے صوبائی نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر ملک جہانزیب اور مخالف فریق شیرین اکبر کے درمیان اراضی کا تنازعہ چلا آ رہا تھا، دو دن پہلے فریقین کی آپس میں تکرار اور ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی۔

جمعہ کی شب فریقین کا جنازے کے دوران آمنا سامنا ہوا اور تکرار کے بعد فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں فریقین سے 9 افراد جاں بحق جبکہ 17 سے زاٸد زخمی ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں سے ایک سابق صوبائی وزیر ملک جہانزیب کا جوان بیٹا تھا، دیگر میں جماعت اسلامی کے رہنماء شیرین اکبر، شیر گل، سلمان، شیر حضرت، بخت زمین، حسن شاہ اور ایک راہگیر جبکہ زخمی ہونے والوں میں بلال، عتیق الرحمن، زید، عثمان، فرمان، نوید، علی اکبر، محمد بلال، دانش، شیر حضرت، اعزاز، علی اکبر، منہاب حیات و دیگر شامل ہیں۔

پولیس اور ایلیٹ فورس کے دستے جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال تیمرگرہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال دیربالا، علاقہ چیراگلٸ برہ بانڈہ میں نماز جنازہ کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوئے تھے۔ جبکہ گذشتہ ماہ لوئر کرم میں جائیداد کے تنازعے پر فریقین کے مابین فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق جبکہ گیارہ زخمی ہوئے تھے۔

اے ایس آئی شاہ فیصل کی فائل فوٹو

دوسری جانب تحصیل تخت بھائی کے علاقہ مدے بابا میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار نے فائرنگ کر کے پولیس چوکی انچارج کو قتل کر دیا، ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ضلعی پولیس ترجمان کے مطابق پولیس چوکی مدے بابا کے اہلکار معمول کے مطابق علاقہ مدے بابا میزں روڈ پر ناکہ بندی کے دوران چیکنگ کر رہے تھے کہ اس دوران موٹرسائیکل سوار کو چیکنگ کی غرض سے روکا گیا جس نے اچانک فائرنگ کر دی جس سے پولیس چوکی مدے بابا کے انچارج اسسٹنٹ سب انسپکٹر شاہ فیصل لگ کر جاں بحق ہو گیا۔

ریسکیو اہلکاروں کی میڈیکل ٹیم نے جاں بحق پولیس اے ایس آئی کو پوسٹ مارٹم کے لئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تخت بھائی منتقل کر دیا، اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button