این سی او سی کا کورونا پابندیاں 13 اپریل تک بڑھانے کا فیصلہ
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا کے حوالے سے ملک بھر میں عائد پابندیاں 13 اپریل تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سربراہ این سی او سی اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں موجودہ پابندیاں 13 اپریل تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
این سی او سی کے مطابق رمضان المبارک کے دوران پابندیوں سے متعلق اجلاس 12 اپریل کو ہو گا جس میں پابندیوں پر عملدرآمد کے طریقہ کار پر غور کیا جائے گا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ویکسین کی کافی مقدار وسط اپریل کے بعد پہنچنی ہے، اجلاس میں رمضان کے دوران ویکسی نیشن پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔
خیال رہے کہ این سی او سی نے کورونا کی تیسری لہر کے باعث پاکستان میں بڑھتے ہوئے کیسز کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں 11 اپریل تک مختلف پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔