نیشنل جونیئر والی بال چمپئن شپ خواتین ایونٹ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان فائنل میں
سی جے جمائمہ آفریدی
صوبائی دارالحکومت پشاور میں جاری نیشنل جونیئر والی بال چمپئن شپ کے خواتین ایونٹ کے سیمی فائنل میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں۔
اسلام آباد کی ٹیم کو گلگت بلتستان جبکہ خیبر پختونخوا کی خواتین ٹیم کو آزاد کشمیر نے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام پشاور سپورٹس کمپلیکس اور چارسدہ سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ نیشنل جونیئر انڈر 16 گیمز کے سلسلے میں پی ایس بی کوچنگ سینٹر پشاور کے جمنازیم ہال میں کھیلے جانے والے نیشنل والی بال کے مقابلوں کے خواتین ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں آزادکشمیر کی خواتین ٹیم نے میزبان ٹیم خیبر پختونخوا کو 3-0 سے شکست دیدی۔
دوسرے سیمی فائنل میچ میں گلگت بلتستان کی خواتین کھلاڑی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مد مقابل اسلام آباد کی ٹیم کو 2-1 سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئیں۔
فائنل میچ میں ان دونوں ٹیموں کے مابین کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
اس موقع پر خیبر پختونخوا والی بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد وقار چمکنی نے سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے زیراہتمام نیشنل انڈر 16 گیمز کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ مستقبل میں اس کے بہتر نتائج نکلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے ہمیں نچلی سطح پر بہترین ٹیلنٹ سامنے آئے گا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مرد و خواتین والی بال ٹیموں میں ہمیں چھ سے نو ایسے کھلاڑی ملے ہیں جنہیں مزید ٹریننگ کیلئے قومی کیمپ میں بھیجوا سکتے ہیں جہاں پر کوالیفائیڈ کوچز کی نگرانی میں کھیلنے سے ان کے کھیل میں مزید نکھار آئے گا۔
نیشنل جونیئر بیڈمنٹن چمپئن شپ خیبرپختونخوا کے نام
اسی طرح بیڈمنٹن ایونٹ میں خیبر پختونخوا کے مرد و خواتین کھلاڑیوں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے میڈلز اپنے نام کئے۔
چارسدہ سپورٹس کمپلیکس میں جاری نیشنل جونیئر بیڈمنٹن کے مینز ٹیم ایونٹ مقابلوں میں خیبر پختونخوا نے گولڈ میڈل جیتا، پنجاب نے سلور میڈل حاصل کیا، ان کے مابین سکور 2_0رہا۔
خواتین کی ٹیم ایونٹ کے فائنل میچ میں بلوچستان نے خیبر پختونخوا کو دو صفر سے ہرایا، مینز سنگل کے فائنل میں خیبر پختونخوا کے جہانگیر نے اسلام آباد کے ابراہیم رشید کو دو صفر سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا۔
گرلز کے سنگل مقابلوں کے فائنل میچ میں بلوچستان کی سمیہ طارق نے سندھ کی عمارہ کو دو صفر سے ہرا کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔
اس موقع پر مہمان خصوصی ڈی جی سپورٹس اسفندیار خٹک اور دیگر شخصیات نے نمایاں پوزیشن لینے والے کھلاڑیوں میں انعامات و ٹرافیاں تقسیم کیں۔
اس موقع پر خیبرپختو نخوابیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے صدر اور سیکرٹری امجد خان بھی موجود تھے۔
پنیاں، کبڈی ٹورنامنٹ میں صوابی کا پلڑا بھاری
پنیاں میں منعقدہ کبڈی ٹورنامنٹ میں صوابی ڈسٹرکٹ کبڈی ٹیم نے گدوال کبڈی ٹیم کو ہرا دیا۔
خیبر پختونخوا کبڈی ایسوسی ایشن اور ضلعی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ہری پور کے علاقے پنیاں میں جاری کبڈی ٹورنامنٹ میں ایک میچ میں صوابی اور گدوال کی ٹیموں کے مابین مقابلہ ہوا جس میں صوابی کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔
میچ میں صوابی ٹیم کا سکور 30 پوائنٹس اورگدوال ٹیم کا سکور 28 رہا۔
اس موقع پر صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید سلطان بری موجود تھے جن کا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔