گانڈہ، اورکزئی کا حسین مگر ہر سہولت سے محروم علاقہ
سی جے محمد نواز اورکزئی
گانڈہ قوم شیخان تحصیل سنٹرل ضلع اورکزئی کا ایک پر فضا اور قدرتی لحاظ سے نہایت خوبصورت علاقہ ہے لیکن دور جدید میں بھی وہ بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔
اس گاؤں میں تقریبا کل 70 گھرانے ہیں، پہاڑوں کے وسط میں واقع یہ گاؤں پرائمری سکول سے محروم ہے۔
ٹی این این کے ساتھ اس حوالے سے گفتگو میں ایک مقامی شخص محمد سعید نے کہا کہ ہمارے بچے چھ کلو میٹر دور جا کر تعلیم حاصل کرتے ہیں جو ناخوشگوار موسم میں سخت مشکلات کا سامنا کرتے ہیں، جب بارش شروع ہوتی ہے ہم سارے والدین بچوں کے واپس آنے تک سخت پریشان رہتے ہیں۔
وہاں پر موجود ایک چھوٹے بچے نے ٹی این این کو بتایا کہ ہم سردی کی موسم میں جب صبح سویرے سکول جاتے ہیں تو ہم سردی کی وجہ سے بہت مشکل خالت میں ہوتے ہیں اور جب گرمی کے موسم میں سکول سے چھٹی ہو کر واپس گھر آتے ہیں تو گرمی کی وجہ سے ہم بہت مشکل حالت میں ہوتے ہیں تو اگر یہاں پر حکومت ہمارے لئے سکول کا بندوبست کرے تو ہم ان کا بہت بہت شکریہ ادا کریں گے۔
ایک اور مقامی شخص محمد انوار نے کہا کہ ہمارے گاؤں میں صحت کی سہولیات نہیں ہیں، بیماری کی صورت میں مریض کو چارپائی پر ڈال کر سڑک لے جا کر ہنگو یا کوہاٹ لے جاتے ہیں، سڑک نہ ہونے کی وجہ سے لوگ شدید مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں، سامان گدھوں پر لاد کر لایا جاتا ہے، مریض خاص طور پر ڈیلیوری کیس کی صورت میں صورت حال ناگفته بہ ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین پانی بھر کر سروں پر لاتی ہیں. غرض یہ کہ زندگی کی کوئی بنیادی سہولت ان لوگوں کو میسر نہیں ہے۔