بلاگزعوام کی آواز

آئیے دنیا بھر کے کم معروف ثقافتی تہواروں کا جائزہ لیتے ہیں۔۔۔۔

صدف سید

دنیا مختلف ثقافتوں سے مالا مال ہے اور جہاں بڑے تہوار جیسے کہ عید، دیوالی، کرسمس اور مارڈی گراس عالمی سطح پر منائے جاتے ہیں، وہاں بے شمار ایسے تہوار بھی ہیں جو ابھی تک لوگوں کے لئے نا آشنا ہیں، جن کو دیکھ کر ان پر حقیقت میں حیرانی ہوتی ہے۔ یہ ثقافتی دنیا کے نایاب جواہرات صدیوں پرانی روایات، منفرد رسومات اور نسل در نسل کہانیوں پر مبنی ہیں۔ یہ تہوار، جو اکثر مقامی برادریوں کے لئے بہت زیادہ اہمیت رکھتے ہیں، ہمیں دنیا کے مختلف علاقوں کے عقائد، اقدار اور فنکارانہ تخلیقات کی جھلک پیش کرتے ہیں۔

آج ہم کچھ ایسے ہی نایاب تہواروں کی بات کریں گے، جو ہمیں ثقافتی رنگارنگی کی خوبصورتی سے متعارف کرواتے ہیں۔ہم جاپان کے دور دراز دیہات، اسپین کے قدیم قصبوں اور پاکستان کی مقامی ثقافتی برادریوں کا سفر کریں گے، جہاں ہم ایسے تہواروں کو دریافت کریں گے جو اپنی انفرادیت میں دلکش اور مسحور کن ہیں۔

"اوگا ناما ہاگے" تہوار
"اوگا ناما ہاگے” تہوار، جاپان

جاپان میں "اوگا ناما ہاگے” تہوار علاقائی لوک داستانوں اور خاندانی اقدار کی ایک منفرد جھلک فراہم کرتا ہے۔ اکیتا صوبے میں نئے سال کے موقع پر منایا جانے والا یہ تہوار اس رسم پر مبنی ہے کہ دیہاتی خود کو خوفناک "ناما ہاگے” کے طور پر تیار کرتے ہیں۔ ماسک اور تنکوں سے بنے لباس میں ملبوس، یہ "عفریت” گھروں کا دورہ کرتے ہیں اور بچوں کو ڈراتے ہیں۔ اگرچہ یہ رسم خوفناک ہے، لیکن اس میں بچوں کو اچھے اخلاق کی تلقین کی جاتی ہے اور انہیں والدین کی عزت اور اچھے رویے کا درس دیا جاتا ہے۔

لوگوں کا عقیدہ ہے کہ یہ عفریت بری روحوں اور بدقسمتی کو بھگا دیتے ہیں، جس سے خوش بختی کے لئے نئے سال کا آغاز ہوتا ہے۔ اوگا ناما ہاگے تہوار ایک قدیم کہانی کے ذریعے لوگوں کو اکٹھا کرتا ہے اور اس میں توہم پرستی اور اخلاقیات کے درمیان ایک لائن کھینچی جاتی ہے جو سادہ اور دل سے محسوس کی جانے والی روایات کی ثقافتی دولت کی یاد دلاتی ہے۔

"ایل کولاچو” تہوار، سپین

دنیا کے دوسرے کونے اسپین کے گاؤں کاسٹریلو ڈی مورسیا میں "ایل کولاچو” تہوار ایک منفرد رسم کے طور پر منایا جاتا ہے۔ کیتھولک عید کورپس کرسٹی کے موقع پر، ایل کولاچو میں "شیطانوں” کے لباس میں ملبوس افراد شیر خوار بچوں کے اوپر سے چھلانگ لگاتے ہیں۔ مقامی عقائد و رسوم کے مطابق یہ عمل بچوں کو شیطانی قوتوں سے پاک رکھنے اور خوشبختی لانے کے لئے ہر سال دہرایا جاتا ہے۔

اگرچہ یہ تہوار عجیب سا معلوم ہوتا ہے، لیکن یہ وہاں کے لوگوں کے لئے گہری اہمیت رکھتا ہے، جس میں ان کی مذہبی عقیدت اور پاکیزگی شامل ہے۔ ایل کولاچو نے اپنی منفرد مقدس روایت کے امتزاج سے عالمی شہرت حاصل کی ہے۔ یہ تہوار دنیا بھر میں دلچسپی کا باعث بنے کی وجہ سے آج بھی متجسس سیاحوں کو اپنی طرف راغب کرنے میں بہت موثر کردار ادا کر رہا ہے۔

"پھی تا کھون” تہوار،تھائی لینڈ

تھائی لینڈ میں "پھی تا کھون” یا "بھوتوں کا میلہ” ایک پرجوش اور پراسرار جشن ہے جو روحوں اور مقامی کہانیوں کا احاطہ کرتا ہے۔ یہ میلہ ڈان سائی میں منعقد ہوتا ہے، جہاں روحوں اور آبا اجداد کی عزت افزائی کی جاتی ہے، اور زندگی، موت، اور از سر نو جنم لینے کے دائرے کا جشن منایا جاتا ہے۔

مقامی لوگ رنگین اور بھوتوں جیسے ماسک پہنتے ہیں جو چاول کی چھال سے بنے ہوتے ہیں، جنہیں پیچیدہ ڈیزائنوں سے سجا کر بنایا جاتا ہے اس تہوار کی ابتدا قدیم زرخیزی کی رسومات سے منسلک ہے، اور یہ بارش کے موسم کی آمد پر بہترین فصل کے لئے منایا جاتا ہے تاکہ فصلوں کی بھرپور پیداوار کو یقینی بنایا جا سکے۔ شریک جشن گلیوں میں رقص کرتے اور موسیقی بجاتے ہوئے اس تہوار کو ایک رنگا رنگ اور پرجوش محفل میں بدل دیتے ہیں۔ "پھی تا کھون” تہوار تھائی لینڈ کے روحانی ورثے کی خوبصورتی کو اجاگر کرتا ہے اور مقامی کہانیوں، قدرت کے احترام، اور زندگی کی فراوانی کے لیے شکرگزاری کو ایک دلکش انداز میں پیش کرتا ہے۔

پاکستان، جو اپنی ثقافتی دولت کے لئے جانا جاتا ہے، اس کے اندر بھی کئی منفرد مگر کم معروف تہوار پائے جاتے ہیں جو یہاں کی ثقافتی انفرادیت کی عکاسی کرتے ہیں۔

"چلم جوشی” تہوار، چترال

ان میں سے ایک "چلم جوشی” ہے، جو چترال کی وادی میں مقیم مقامی کالاش کے لوگ مناتے ہیں۔ کالاش، جو پاکستان کے سب سے چھوٹے نسلی گروہوں میں سے ایک ہیں، ہر سال بہار کے موسم کو خوش آمدید کہنے اور اپنے دیوتاؤں کا شکر ادا کرنے کے لئے چلم جوشی مناتے ہیں۔ تین دن تک، کالاش کے مرد، خواتین، اور بچے روایتی رنگین لباس میں ملبوس کھلی جگہوں پر جمع ہوتے ہیں، گاتے ہیں، رقص کرتے ہیں اور فطرت کے اعزاز میں رسومات انجام دیتے ہیں۔ چلم جوشی تہوار ہمیں کالاش کے عقائد اور طرز زندگی کی ایک جھلک فراہم کرتا ہے اور ان کی قدیم وراثت کو محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

بلوچستان کے تاریخی شہر سبی میں "سبی میلہ” پاکستان کی قبائلی اور دیہی ثقافت کو اجاگر کرتا ہے۔

"سبی میلہ” تہوار، سبی

اس تہوار میں اونٹوں کی دوڑ، گھوڑے کی نمائش کے علاؤہ بلوچی لوک رقص شامل ہیں۔ ہزاروں لوگ اس میلے میں جمع ہوتے ہیں اور علاقے کی قبائلی ثقافت کے حسن کو اجاگر کرنے کے لئے روایتی دستکاریوں کو بھی پیش کرتے ہیں۔ سبی میلہ، جو کہ علاقے کی قبائلی روایات سے جڑا ہوا ہے، بلوچستان کے زندہ ورثے کا ایک عظیم نشان ہے اور سال کے ان چند مخصوص دنوں میں سے ایک ہے جب مقامی قبائلی افراد اور سیاح ایک ساتھ آ کر علاقائی ثقافت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

 

"شیدی میلہ”، کراچی

کراچی کا "شیدی میلہ” بھی ایک منفرد تہوار ہے جو شیدی برادری، جن کے آبا و اجداد افریقی تخم ہیں، مناتے ہیں۔ شیدی میلے میں روایتی موسیقی، ڈھول بجانا اور رقص شامل ہیں جو شیدی لوگوں کو ان کے افریقی نسب سے جوڑتا ہے۔اس تہوار کی ایک مشہور رسم "منگھو پیر” ہے، جس میں شرکاء ایک مکتبۂ عبادت کی زیارت کے لیے جاتے ہیں جہاں وہ مقدس مگرمچھوں کو کھانا دیتے ہیں، جنہیں برکت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ "شیدی میلہ” افریقی اور پاکستانی روایات کا دلچسپ امتزاج پیش کرتا ہے، جو وقت کے ساتھ ساتھ ثقافتوں کے میل جول اور افزائش کو ظاہر کرتا ہے۔

 

"راتِ مولیٰ” تہور، میکسیکو

میکسیکو میں "راتِ مولیٰ” ایک سادہ سبزی کو ثقافتی عظمت میں بدل دیتی ہے۔ یہ میلہ ہر دسمبر میں اوکساکا میں منایا جاتا ہے، جہاں مقامی افراد مولیوں سے پیچیدہ مجسمے تراش کر پیش کرتے ہیں، جن میں مذہبی مناظر سے لے کر روایتی کہانیاں تک شامل ہوتی ہیں۔ ان مولیٰ کے مجسموں کا مقابلہ ہوتا ہے اور سب سے زیادہ تخلیقی اور پیچیدہ ڈیزائنز کو انعامات ملتے ہیں۔ اگرچہ یہ میلہ صرف ایک رات تک ہوتا ہے، یہ اوکساکا کی ثقافت کی اصل روح کو اجاگر کرتا ہے، جہاں فن اور زرعی روایات ایک ساتھ مل کر پروان چڑھتی ہیں۔ "راتِ مولیٰ” اس بات کی مثال ہے کہ کس طرح سادہ چیزوں سے تخلیقیت جنم لے سکتی ہے اور ایک معمولی سبزی کو فن کے اظہار کا ذریعہ بنایا جا سکتا ہے۔

"تھائی پوسم” تہوار، ملائشیا

ملائشیا کا "تھائی پوسم” تہوار بھی ایک نایاب اور گہرائی سے بھرپور روحانی تہوار ہے، جسے تامل ہندو برادری مناتی ہے۔ یہ تہوار دیوتا لارڈ موروگن کی عقیدت میں منایا جاتا ہے، جس میں عقیدت مند اپنے جسم میں سوراخ کر کے اور "کاوڈی” کو اٹھا کر شکر گزاری کا اظہار کرتے ہیں۔ زائرین کوالالمپور کے قریب بٹو غاروں کی جانب سفر کرتے ہیں اور حیران کن اور گہری رسومات میں شرکت کرتے ہیں۔ تھائی پوسم عقیدت اور طاقت کے درمیان مضبوط ربط کا اظہار کرتا ہے اور عبادت گزاروں کو عطا کردہ برکتوں کے لئے شکر گزاری کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس تہوار کی شدت اور خوبصورتی کے باعث یہ دنیا بھر سے زائرین کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔

یہ مختلف تہوار جو لوگوں کو کہانیوں، علامتوں اور رسموں کے ذریعے جوڑتے ہیں، یہ سب وقت اور مقام سے بالاتر ہیں۔ ہر تہوار انسانیت کے معنی، استقامت اور خوشی کی مشترکہ خواہش کی یاد دلاتا ہے۔ یہ تہوار اکثر خاندانوں کو مضبوطی سے جوڑنے، فطرت کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے، اور صحت و خوشحالی کے لئے دعائیں مانگنے کا ذریعہ ہوتے ہیں۔ یہ نہ صرف ان لوگوں کے عقائد اور اقدار کو ظاہر کرتے ہیں جو انہیں مناتے ہیں بلکہ ان تخلیقی صلاحیتوں اور فنکاری کو بھی اجاگر کرتے ہیں جو ان اقدار کو زندگی بخشتے ہیں۔ ان کم معروف تہواروں میں شرکت یا مشاہدہ کرنے سے مسافر اور مقامی لوگ یکساں طور پر انسانی ورثے کے بارے میں ایک انوکھا نقطۂ نظر حاصل کرتے ہیں۔

ان تہواروں کا مشاہدہ کرنا محض ایک سفر نہیں بلکہ کسی اور ثقافت کی آنکھ سے زندگی کو دیکھنے کا دعوت ہے، کمیونٹیز کے ساتھ جڑنے کا موقع ہے، اور ان ابدی رسم و رواج کی خوبصورتی کو سمجھنے کا موقع ہے جنہوں نے لوگوں کی زندگیوں کو صدیوں تک تشکیل دیا ہے۔ ایک ایسی دنیا میں جہاں جدیدیت اکثر روایات کو دھندلا دیتی ہے، یہ جشن ہمیں اپنی ثقافتی شناختوں کو عزیز رکھنے، اپنی جڑوں کو اہمیت دینے، اور مشترکہ انسانیت کی عزت کرنے کی یاد دہانی کراتے ہیں۔ان میلوں کے ذریعے ہمیں ایک ایسی دنیا کی خوبصورتی کا منظر ملتا ہے جہاں تنوع کا جشن منایا جاتا ہے، جہاں قدیم رسومات آج بھی متاثر کن ہیں، اور جہاں ہر روایت—چاہے وہ کتنی ہی چھوٹی یا مقامی کیوں نہ ہو—عالمی ثقافت کے جاندار کینوس میں ایک منفرد رنگ بھر دیتی ہے۔ یہ میلے صرف تاریخ کو محفوظ نہیں کرتے بلکہ یہ ہمیں اس کا حصہ بننے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ ہم بھی جشن، روایت اور مشترکہ انسانی تعلقات کی عالمگیر خوشی میں شریک ہو سکے اسے محسوس اور محفوظ کر سکیں۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button