بلاگزلائف سٹائل

کیا ایک غریب لڑکی کی امیر لڑکے سے شادی کا مقصد صرف پیسہ ہوتا ہے؟

 

تحریر :رعناز

کچھ دنوں پہلے میں اپنی دوست  کے ساتھ اس کی زندگی کی روداد سننے کے لیے بیٹھ گئی۔ روداد سننے کی نوبت اس لیے آئی کہ وہ اس دن بہت زیادہ اداس بیٹی ہوئی تھی۔ میں نے وجہ پوچھی کہ اداس کیوں ہو ؟ اس نے بتایا کہ میری ساس اور میرے شوہر کے باقی گھر والے مجھے اس بات کا طعنہ دیتے ہیں کہ تم ایک غریب گھرانے سے اٹھ کے آئی ہو۔ہمارے بیٹے سے شادی کرنے کی وجہ سے صرف اور صرف اس کی دولت حاصل کرنی ہے۔ میری دوست بتا رہی تھی کہ معاشرہ اس کی محبت کو پیسے کی لالچ کا نام دے رہا ہے۔ اس کی مخلصی کو یہ معاشرہ خودغرضی کا نام دے رہا ہے۔

اس لڑکی کی یہ باتیں سن کر تو مجھے اس معاشرے کی سوچ پر حیرانگی ہو رہی ہے۔ کیا ایک غریب لڑکی کی امیر لڑکے سے محبت کوئی جرم ہے ؟ کیا دل میں اس لڑکے سے شادی کی خواہش رکھنا کوئی گناہ ہے؟ کیا ایک غریب لڑکی امیر لڑکے سے شادی نہیں کر سکتی ؟ امیر لڑکے کی امیر لڑکی سے شادی انڈرسٹینڈنگ اور غریب لڑکی کی امیر لڑکے سے شادی خود غرضی؟ کیا یہ ہے ہمارے معاشرے کا انصاف؟ ہمارا معاشرہ کیوں اس لڑکی کی مخلصی کو پیسے کی لالچ کا نام دے رہا ہے ؟اگر ہمارے اسلام میں سٹیٹس کا کوئی فرق نہیں ہے تو پھر یہ معاشرہ کون ہوتا ہے خود غرضی اور مخلصی کا فیصلہ کرنے والا۔

مجھے اپنے معاشرے کی اس سوچ پر انتہائی افسوس ہوتا ہے کہ اگر ایک غریب لڑکے کی امیر لڑکی سے شادی ہوگی تو وہ ہمارے معاشرے کی نظر میں غلط ہوگا۔ مزید یہ کہ اس لڑکی کے سسرال والے یہ سوچتے ہیں کہ اگر ہم غریب گھرانے کی لڑکی کو بہو بنائیں گے تو پھر لاکھوں کا جہیز ہمیں کہاں سے ملے گا۔ دوسری ایک بہت ہی نامناسب سوچ ہمارے معاشرے کی یہ ہوتی ہے کہ اگر ہم ایک غریب لڑکی کو اپنے گھر لے کے ائیں گے تو وہ ہمارے بیٹے کے پیسوں سے اپنے والدین کی ضرورتیں پوری کریں گی۔

تو یہاں پر میں یہ سوال کرنا چاہوں گی کہ کیا ساری لڑکیوں کی سوچ منفی ہوتی ہے؟ کیا ساری لڑکیاں ہی خود غرض ہوں گی؟ کیا ساری لڑکیوں کا امیر گھرانے میں شادی کرنے کا مقصد محض پیسہ ہی ہوگا ؟نہیں بالکل بھی نہیں۔

ہاں اس کے ساتھ ساتھ میں اس بات سے بھی انکار نہیں کر رہی کہ یہ ہمارے معاشرے کی ایک تلخ حقیقت ہے کہ کچھ لڑکیاں ہوتی ہیں خود غرض۔ جن کا مقصد صرف پیسہ اور اچھا لائف سٹائل حاصل کرنا ہوتا ہے  مگر جس طرح ہاتھ کی ساری انگلیاں ایک جیسی نہیں ہوتی بالکل اسی طرح ساری لڑکیاں بھی ایک جیسی نہیں ہوتی۔ کچھ بہت زیادہ مخلص بھی ہوتی ہے جن کا مقصد صرف اپنی محبت کو حاصل کرنا ہوتا ہے نہ کہ پیسے  کو یا  اچھے لائف سٹائل کو۔

ادھر ہم اس چیز سے بھی انکار نہیں کر سکتے کہ ہمارے معاشرے کی اس سوچ کو جنم دینے والی بھی وہی خود غرض لڑکیاں ہیں جن کا واقعی میں مقصد صرف پیسہ ہی ہوتا ہے۔ لیکن ہمارے معاشرے کو اپنی سوچ بدلنی چاہیے خود غرض لڑکیوں کی سزا مخلص لڑکیوں کو نہیں ملنی چاہیے ۔ان کی مخلصی پر خودغرضی کا دھبہ نہیں لگانا چاہیے۔ اگر لڑکا لڑکی ایک دوسرے سے مخلص ہے تو ان کے خاندان یا ہمارے معاشرے کو اس فیصلے میں ان کا ساتھ دینا چاہیے نہ کہ ان پر خود غرضی کا الزام لگایا جائے۔

ہر کسی کے بارے میں مثبت انداز سے سوچنا چاہیے۔ اگر وہ دونوں خوش ہیں تو ان کے فیصلے کی قدر کرنی چاہیے۔ امیری اور غریبی، مال و دولت یہ تو سب اللہ کی دین ہے۔ لہذا ہمیں کبھی بھی کسی لڑکی کو اس کی کم حیثیت یا غریب بھی کاطعنہ نہیں دینا چاہیے بلکہ دل سے اس کی عزت کرنی چاہیے اور اسے اپنانا چاہیے۔

رعناز ایک پرائیویٹ کالج کی ایگزام کنٹرولر ہیں اور صنفی اور سماجی مسائل پر بلاگنگ بھی کرتی ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button