کورونا پابندیاں ختم ماسک مگر فیشن بن گیا
رانی عندلیب
کورونا وباء کی وجہ سے ماسک لگانا پابندی کے طور پر یا مجبوری کے تحت استعمال کیا جاتا تھا پھر رفتہ رفتہ لوگوں کو ماسک کی عادت پڑ گئی اب جبکہ کورونا وباء کے دوران عائد پابندیاں تقریباً ختم ہو گئی ہیں تو مردوں نے ماسک لگانا چھوڑ دیا لیکن عورتوں نے ماسک کو فیشن کا حصہ بنا لیا ہے۔ وہ گھرانے جہاں پر خواتین کو نقاب کی سختی سے تاکید کی جاتی تھی اب ان گھرانوں کی خواتین ماسک کی صورت میں پردہ کرتی ہیں، عورتیں دوپٹہ سر لے کر ماسک سے آدھے چہرے کو ڈھانپ لیتی ہیں۔
حجاب دراصل عربی زبان میں پردہ اور لباس کے مفہوم میں استعمال ہوتا ہے۔ جدید عربی میں اس لفظ کا مطلب مسلمان خواتین کا سکارف ہے یا حجاب جو عورت کو چھپا کر تحفظ فراہم کرتا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ عورت کو اپنے حجاب اور پردہ کرنے سے اپنی عزت اور احترام کا پتہ چل جائے تو اپنی ساری عمر نقاب پوش ہی رہے گی لیکن افسوس ایسا نہیں ہے۔ آج کل اگر دیکھا جائے تو غیرمسلموں نے بھی ماسک کو اپنے لباس کا حصہ بنا لیا ہے، وہ لوگ جو خواتین کے پردہ کرنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے تھے وہ فخر سے ماسک کا استعمال کرتے ہیں۔
عام خواتین بھی اپنی استطاعت کے مطابق ماسک کو فیشن کے طور پر استعمال کرتے ہیں جبکہ امیر گھرانے کی مستورات اب ماسک کو کپڑوں کے ساتھ میچنگ کر کے پہنتی ہیں۔ غریب گھرانوں کی خواتین صرف کپڑوں کے ساتھ کلر فل میچنگ ماسک لگاتی ہیں جبکہ امیر اور ہائی لیول کی خواتین گوٹی کنارے شیشوں والے ماسک پہنتی ہیں جبکہ انڈسٹری میں کام یا ہائی کلاس سے تعلق رکھنے والی خواتین اس پر پر سونے چاندی اور ہیرے جواہرات کے کام کر کے پہنتی ہیں۔
اگر ہم اپنے اردگرد دنیا کے کئی ممالک کو دیکھیں تو بہت سے نامور عرب اور مغربی شخصیات نے فیس ماسک پہن کر اپنی تصاویر بھی انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی ہیں اور ماسک کو بھی ضرورت کے بجائے فیشن کا حصہ بنا دیا ہے۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی بیٹی نے شادی کے موقع پر کپڑوں کے ساتھ میچنگ ماسک پہن کر بتا اور دکھا دیا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دنوں میں بھی شادی ہو سکتی ہے۔
اسی طرح نامور انڈین اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ہالی وڈ پیٹرن کا دلچسپ ماسک پہن کر اپنی تصویر شیئر کی، جس پر انہوں نے لکھا کہ ”آنکھیں کبھی خاموش نہیں رہتیں۔”
اپنے دور کی ٹاپ مغربی ماڈل سنڈی کرافورڈ نے اپنے بلاؤز کے ساتھ میچنگ ماسک پہن کر یہ ظاہر کیا کہ ماسک نہ صرف ایک فیشن بن چکا ہے بلکہ انہوں نے تصویر کے ساتھ کمنٹ بھی کیا کہ سماجی فاصلے کو بھی فیشن بنائیں۔