خیبر پختونخوا: بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 10 افراد جاں بحق، 2 زخمی، پی ڈی ایم اے

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مجموعی طور پر 10 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 6 بچے، 2 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق حادثات باجوڑ، بونیر، اپر چترال، شانگلہ، سوات اور اپر کوہستان میں پیش آئے۔ باجوڑ میں سیلابی ریلے میں بہہ کر ایک مرد اور ایک بچہ جاں بحق ہوا جبکہ بونیر میں بھی ایک شخص سیلاب کی زد میں آ کر جان کی بازی ہار گیا۔
رپورٹ کے مطابق سوات میں سیلابی ریلے سے سب سے زیادہ نقصان ہوا جہاں ایک خاتون اور 5 بچے جاں بحق ہوئے۔ اپر کوہستان میں بھی ایک خاتون سیلاب کا نشانہ بنی اور جاں بحق ہوئی۔
حادثات میں دو افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں سے دو مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ آٹھ گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔