خیبر پختونخوا: بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق، متعدد مکانات متاثر

خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق یہ حادثات مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے علاوہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک مرد اور ایک بچہ شامل ہے۔ لوئر کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ایک شخص جان سے گیا جبکہ بٹگرام میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوا۔
بارشوں کے دوران پیش آنے والے یہ واقعات بونیر، شانگلہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، لوئر کوہستان اور مانسہرہ کے علاقوں میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ ان حادثات میں 11 مویشی بھی ہلاک ہوئے جبکہ ایک مکان مکمل طور پر تباہ اور 8 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے 21 جولائی تک خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے مختلف شہروں میں تیز بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔