بین الاقوامیعوام کی آوازقومی

جاپان کا پاکستانی سرکاری افسران کے لیے 37 کروڑ ین کے تعلیمی وظائف پروگرام کا اعلان

حکومتِ جاپان نے پاکستان میں انسانی وسائل کی ترقی کے لیے مالی سال 2025 کے "ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ اسکالرشپ (JDS) پروگرام” کے تحت تقریباً 37 کروڑ 90 لاکھ جاپانی ین کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس سلسلے میں ایک باضابطہ تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں جاپان کے سفیر شوئچی اکاماتسو اور وزارت اقتصادی امور کے سیکریٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کے درمیان نوٹس وربال (Notes Verbale) پر دستخط اور تبادلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ، منصوبے کے عملی پہلوؤں پر مشتمل گرانٹ معاہدہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (JICA) کے پاکستان میں چیف رپریزنٹیٹو ناؤآکی میاتا اور وزارت اقتصادی امور کے جوائنٹ سیکریٹری مران محی الدین سومرو کے درمیان دستخط ہوا۔

یہ JDS پروگرام جاپان کی جانب سے پاکستان کی سرکاری صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے عزم کا حصہ ہے، جو 2018 میں شروع کیا گیا تھا۔ اس پروگرام کے تحت پاکستان کے اہل اور باصلاحیت سرکاری افسران کو جاپان کی معروف جامعات میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیا جاتا ہے۔ ان افسران کا انتخاب اُن افراد میں سے کیا جاتا ہے جو ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی سے متعلق پالیسی سازی اور عملدرآمد میں شامل ہوتے ہیں۔

اب تک جائیکا کے تحت 100 سے زائد سرکاری افسران جاپان بھجوائے جا چکے ہیں، جن میں سے تقریباً 70 اسکالرز اپنی تعلیم مکمل کر کے وطن واپس آ چکے ہیں اور اپنی مہارت سے ملکی ترقی میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ پروگرام عوامی پالیسی، مالیات، صنعتی ترقی، توانائی، موسمیاتی تبدیلی، زرعی کاروبار اور غذائی تحفظ جیسے اہم شعبوں پر توجہ دیتا ہے۔

اس موقع پر جاپانی سفیر اکاماتسو کا کہنا تھا کہ "جاپان پاکستان میں سماجی و انسانی ترقی کی اہمیت کو بخوبی سمجھتا ہے، اور مؤثر سرکاری نظام کو ملکی ترقی کا ایک حصہ مانتا ہے۔ نوجوان اور باصلاحیت سرکاری افسران کی مختلف تکنیکی شعبوں میں تربیت پاکستان کے ترقیاتی مسائل کے حل کے لیے نہایت اہم ہے۔”

جائیکا پاکستان کے چیف رپریزنٹیٹو ناؤآکی میاتا نے کہا کہ "یہ پروگرام پاکستان میں انسانی وسائل کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ JDS اسکالرز جاپان میں جدید تعلیم حاصل کریں گے، جس سے ان کی پالیسی سازی اور عملدر آمد کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ افسران حکومت پاکستان میں قائدانہ کردار ادا کریں گے اور ملک کی ترقی و عوامی فلاح میں اہم کردار نبھائیں گے۔ یہ پروگرام جاپان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی اور مضبوط شراکت داری کی بھی علامت ہے۔”

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button