خیبر پختونخوا: شدید بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے 6 افراد جاں بحق، پی ڈی ایم اے

خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث مختلف حادثات میں 6 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ ایک بچہ زخمی ہوا۔ پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک مرد، ایک خاتون اور چار بچے شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارش اور فلش فلڈ کے نتیجے میں صوبے کے مختلف اضلاع ، خیبر، ملاکنڈ، کوہاٹ اور باجوڑ میں تین مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات دینے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ترجمان کے مطابق، بارشوں کا یہ سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو پہلے ہی الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی جا چکی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1700 پر اطلاع دیں۔