خیبر پختونخواعوام کی آواز

پشاور: کوچی بازار میں آتشزدگی، ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق، 2 فائر فائٹرز زخمی

پشاور کے مصروف علاقے کوچی بازار کے ایک گودام میں اچانک لگنے والی آگ نے اوپر واقع رہائشی فلیٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 2 فائر فائٹرز شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گھر سے 6 افراد کو نکالا، تاہم ان میں سے 4 جانبر نہ ہو سکے۔

جاں بحق افراد کی شناخت ریاض، رفیق، شہناز اور مسز رفیق کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق آگ پہلے گودام میں لگی تھی جو شدت اختیار کرتے ہوئے اوپر کے فلیٹ تک پہنچ گئی، جہاں رہائشی افراد پھنس گئے۔

آگ بجھانے اور ریسکیو آپریشن میں چالیس اہلکاروں نے حصہ لیا، جس دوران دو فائر فائٹرز کی حالت غیر ہو گئی، جنہیں فوری طور پر لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکاروں نے انتہائی مشکل حالات میں آگ پر قابو پایا، تاہم اب بھی کولنگ اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ دوبارہ شعلے نہ بھڑک اٹھیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button