نوشہرہ: شدید بارش سے ندی نالوں میں طغیانی، ایک بچہ جاں بحق،متعدد علاقے متاثر

نوشہرہ اور گرد و نواح میں شدید بارش کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جس کے نتیجے میں امانگڑھ، لیبر کالونی، حافظ آباد، مثال آباد اور نوشہرہ کلاں کے کئی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔ ندی نالوں کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت گھروں سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں جبکہ شدید بارش کے سبب بجلی کی سپلائی بھی معطل ہو چکی ہے۔ امانگڑھ میں برساتی نالے میں ڈوبنے سے ایک بچہ جاں بحق ہو گیا جس کی لاش برآمد کر لی گئی ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے فلڈ سیل کے مطابق صوبے کے مختلف دریاؤں میں نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 2 لاکھ 87 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 1 لاکھ 55 ہزار 200 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دریائے سندھ میں خیرآباد کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 6 ہزار 800 کیوسک ہے۔ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر 51 ہزار 100 کیوسک اور ورسک پر 42 ہزار 21 کیوسک جبکہ دریائے ادیزئی میں بہاؤ 39 ہزار 100 کیوسک ہے۔
فلڈ سیل کے مطابق دریائے سوات میں چکدرہ پر پانی کا بہاؤ 10 ہزار 213 اور خوازہ خیلہ میں 8 ہزار 662 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور فلڈ سیل نے شہریوں کو نشیبی علاقوں میں محتاط رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی ہدایت کی ہے۔