ضم اضلاع کے نوجوانوں کے لیے خانسپور میں تین روزہ لائف اسکلز سمر کیمپ کا انعقاد

ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا کے تعاون سے ایوبیہ کی دلکش وادی میں ضم شدہ اضلاع کے نوجوانوں کے لیے تین روزہ "لائف اسکلز سمر کیمپ” کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔ اس کیمپ کا مقصد نوجوانوں میں مثبت سوچ، مہارتوں کی تربیت اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کا جذبہ اجاگر کرنا تھا۔
کیمپ میں ذہنی صحت، ماحولیات، کاروباری صلاحیت، اختراعی سوچ، اور پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) جیسے اہم موضوعات پر تربیتی سیشنز اور ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا۔ نوجوانوں نے نہ صرف ان موضوعات پر عملی مشقیں کیں بلکہ گروہی سرگرمیوں اور مکالماتی نشستوں میں بھی بھرپور حصہ لیا۔
ڈائریکٹر یوتھ افیئرز ڈاکٹر نعمان مجاہد نے کیمپ میں نوجوانوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آئندہ بھی ضم اضلاع کے نوجوانوں کے لیے ایسے بامقصد تربیتی مواقع فراہم کرتا رہے گا تاکہ وہ معاشرتی بہتری اور قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
ماہر ٹرینرز کی رہنمائی اور قدرتی ماحول کی موجودگی نے اس سمر کیمپ کو ایک یادگار اور نتیجہ خیز تجربہ بنا دیا، جس نے نوجوانوں میں خوداعتمادی، قیادت کی صلاحیت اور سماجی شعور کو فروغ دیا۔