خیبر پختونخواعوام کی آواز
ڈی آئی خان: مسافر کوچ اور ڈاٹسن میں تصادم، 5 افراد جاں بحق، 12 زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ملتان روڈ پر زرعی یونیورسٹی کے قریب ٹریفک حادثے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہو گئے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافر کوچ گندم سے لدی ڈاٹسن سے ٹکرا گئی۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں مسافر کوچ کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔ زخمیوں میں تین خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں اور جاں بحق افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر مخالف سمت سے آنے والی ڈاٹسن سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔