خیبر پختونخواعوام کی آواز

محکمہ موسمیات کی خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں اور آندھیوں کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آئندہ دنوں کے دوران شدید موسمی حالات، ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے متعلق وارننگ جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم، مرطوب اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ تاہم بالائی، وسطی اور جنوبی علاقوں میں کہیں کہیں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جاری کردہ ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، تورغر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے اضلاع میں تیز بارش اور آندھی کی توقع ہے۔ اسی طرح ہری پور، کرم، مہمند، خیبر، اورکزئی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی اور کوہاٹ میں بھی موسلا دھار بارش کے ساتھ گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

جنوبی اضلاع ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی تیز ہواؤں، آندھی اور کہیں کہیں شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مردان، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات اور شانگلہ میں شدید بارش کی وجہ سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکوں کی بندش اور آمد و رفت میں خلل کا بھی خطرہ ہے۔

گزشتہ روز ریکارڈ کی گئی بارش کے اعداد و شمار کے مطابق سیدو شریف (سوات) میں 24 ملی میٹر، بالاکوٹ میں 15 ملی میٹر، ملم جبہ میں 9 ملی میٹر، کاکول اور کالام میں 5،5 ملی میٹر جبکہ تیمرگرہ میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کریں اور نشیبی علاقوں، پہاڑی راستوں اور ندی نالوں کے قریب غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button