پاکستان کا افغان ڈرائیوروں کو ایک سالہ ملٹی پل ویزا دینے کا فیصلہ

پاکستان نے افغان ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹروں کے لیے ایک سالہ ملٹی پل انٹری ویزا جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد دوطرفہ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور بارڈر مینجمنٹ کو مزید بہتر بنانا ہے۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق یہ ویزا "ورک (ٹرانزٹ/ٹرانسپورٹ)” کیٹیگری میں جاری کیا جائے گا اور اس کی فیس 100 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند افغان شہری نادرا کے آن لائن پورٹل پر درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
درخواست کے لیے درکار دستاویزات میں شامل ہیں:
- پاسپورٹ اور حالیہ تصویر
- افغان شناختی دستاویز (تذکرہ)
- عارضی داخلہ دستاویز (TAD)
- رجسٹرڈ ٹرانسپورٹ کمپنی سے ملازمت کا ثبوت یا آپریٹر کا اجازت نامہ
- درست ڈرائیونگ لائسنس
سینئر کسٹم ایجنٹ حاجی عابد خان شینواری نے اس حکومتی اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ "اس فیصلے سے پاک افغان تجارت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ خاص طور پر ٹرانزٹ ٹریڈ، مال برداری اور سرحدی آمد و رفت میں آسانی پیدا ہوگی۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ طویل مدتی ویزا پالیسی سے نہ صرف تجارتی قافلوں کی نقل و حمل میں تیزی آئے گی بلکہ دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی روابط کو بھی تقویت ملے گی۔