لنڈی کوتل: پولیس کارروائی میں کروڑوں روپے مالیت کی آئس برآمد، 4 ملزمان گرفتار

ضلع خیبر میں لنڈی کوتل پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی 30 کلوگرام آئس برآمد کر لی، جبکہ 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کی قیادت میں منشیات خصوصاً آئس اور ہیروئن کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔ ایس ایچ او لنڈی کوتل عدنان آفریدی کی نگرانی میں سب انسپکٹر اجت خان نے لنڈی کوتل بائی پاس پر خصوصی ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک موٹر کار کو روکا۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران خفیہ خانوں سے 14 کلوگرام آئس برآمد ہوئی جبکہ موقع پر موجود دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے منشیات کے ایک مبینہ اڈے (حجرے) پر چھاپہ مار کارروائی کی، جہاں سے مزید 16 کلوگرام آئس برآمد کر لی گئی۔ اس آپریشن میں دو مزید ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ڈی پی او نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود منشیات فروشوں کی نشاندہی کر کے پولیس سے تعاون کریں اور معاشرے کو اس لعنت سے پاک کرنے میں قومی کردار ادا کریں۔