خیبر پختونخواعوام کی آواز

خیبر پختونخوا میں آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان، پی ڈی ایم اے

صوبہ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے گرج چمک، آندھی اور ہلکی تا درمیانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جو پیر تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ممکنہ بارشوں کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے عوام کو بارش کے دوران بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہنے کی ہدایات دی گئی ہے۔ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی سرگرمیوں کو موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیں۔

پی ڈی ایم اے نے حساس بالائی علاقوں میں رہائش پذیر مقامی آبادی اور سیاحوں کو محتاط رہنے اور موسمی اپڈیٹس سے باخبر رہنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو کہا گیا ہے کہ مقامی آبادی کو احتیاطی تدابیر ان کی زبان میں بروقت پہنچائی جائیں۔

پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سفر سے قبل موسم کی صورتحال اور سڑکوں کی بندش کے بارے میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن سے رابطہ کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button