بلوچستان: کیچ میں اسسٹنٹ کمشنر تمپ محمد حنیف نورزئی اغوا

بلوچستان ضلع کیچ کے علاقے تمپ سے اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف نورزئی کو بدھ کی صبح نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد خان بڑیچ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر کو اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ ایک انتظامی کام کے سلسلے میں کوئٹہ جا رہے تھے۔
ڈی سی کیچ کے مطابق محمد حنیف نورزئی کے ہمراہ ان کی اہلیہ، بچے اور گن مین بھی موجود تھے، تاہم اغوا کاروں نے چند کلومیٹر کے فاصلے پر ان سب کو چھوڑ دیا اور محمد حنیف کو سرکاری گاڑی سمیت اپنے ساتھ لے گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مسلح اغوا کاروں کی تعداد سات سے آٹھ کے درمیان تھی، اور واقعے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنا شروع کر دیئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اغوا میں کون ملوث ہے اور اس کے پیچھے محرکات کیا ہیں۔