خیبر پختونخواعوام کی آواز

سوات میں بارش و ژالہ باری، مزید اضلاع میں طوفان کی وارننگ

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں مینگورہ اور گردونواح کے علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بھی موسمی صورتِ حال پر ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی، طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، لاہور، نارووال، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی اور سیالکوٹ میں بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا کے اضلاع مردان، پشاور، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد بھی بارشوں سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج بھی موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت بلوچستان کے شہر سبی میں ریکارڈ کیا گیا، جو 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موسم کی شدت اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر حفاظتی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر پہاڑی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے والے علاقوں میں سفر کرنے والے محتاط رہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button