بلوچستان/خضدار: سکول بس پر خودکش حملہ، 5 بچے جانبحق، 38 زخمی

بلوچستان کے ضلع خضدار میں سکول بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 بچے جانبحق جبکہ 38 زخمی ہو گئے۔ دھماکہ اُس وقت ہوا جب سکول بس خضدار کے زیرو پوائنٹ کے قریب سے گزر رہی تھی۔
ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ ایک خودکش حملہ تھا، جس میں حملہ آور نے بس کے قریب خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جبکہ زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا، اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کئے جا رہے ہیں۔ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ سہولت کار کو گرفتار کیا جا سکے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خضدار میں زیرو پوائنٹ پر اسکول بس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکا دشمن کی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنےکی گھناؤنی سازش ہے۔