خیبر پختونخوا میں موسمیاتی تغیر، شدید گرمی کے ساتھ ساتھ بارش کا بھی امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بعض اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، چترال، سوات، دیر، شانگلہ، باجوڑ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان، بٹگرام، خیبر، کرم، بنوں، کوہاٹ، شمالی و جنوبی وزیرستان اور ڈی آئی خان میں بارش ہو سکتی ہے۔
پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 23 اور زیادہ سے زیادہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ ڈی آئی خان میں درجہ حرارت 46 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ صوبے کا سب سے کم درجہ حرارت کالام اور دیر میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
دوسری جانب صوبہ بھر میں گزشتہ روز آنے والی آندھی اور طوفانی ہواؤں سے قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے، جبکہ 3 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک بچہ اور دو مرد شامل ہیں۔ زخمیوں میں 8 مرد، 3 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ یہ حادثات پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان اور خیبر میں پیش آئے۔ نوشہرہ میں سب سے زیادہ 6 افراد زخمی ہوئے، جبکہ پشاور اور مردان میں دو، خیبر میں ایک اور چارسدہ میں بھی ایک گھر متاثر ہوا۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ تیز ہواؤں اور ممکنہ بارش کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔