خیبر پختونخواعوام کی آواز

ملک میں شدید گرمی کی لہر، کے پی میں درجہ حرارت کہا تک پہنچنے کا خدشہ ہے؟

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں 15 مئی سے 20 مئی تک شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں گرمی کی شدت کے باعث برف پگھلنے کی رفتار میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے. محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وسطی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور مشرقی بلوچستان کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری جبکہ سندھ اور جنوبی پنجاب میں 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

20 مئی کے بعد مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے، جس سے درجہ حرارت میں معمولی کمی آ سکتی ہے۔

ادھر شہریوں کے لیے جاری کردہ احتیاطی تدابیر میں کہا گیا ہے کہ بزرگ شہری، بچے اور خواتین بلا ضرورت دھوپ میں نہ نکلیں، جبکہ باہر نکلتے وقت چھتری، ٹوپی اور ہلکے لباس کا استعمال کریں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ زیادہ سے زیادہ پانی پئیں اور دھوپ سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button