پی ڈی ایم اے کی جانب سے خیبر پختونخوا میں شدید گرمی کی وارننگ جاری

خیبر پختونخوا میں 15 سے 19 مئی کے دوران گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق درجہ حرارت معمول سے 5 تا 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ 19 سے 20 مئی کے دوران مغربی ہوا کا سسٹم صوبے کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے باعث بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو، ہیلتھ سروسز، اور پیرا میڈیکل اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جب کہ عوام کو ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
مراسلے میں درج دیگر اہم ہدایات میں شامل ہیں:
- کسان اپنی فصلوں کے لیے پانی کا مناسب بندوبست کریں۔
- عوام دن کے اوقات، خاص طور پر صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک، براہ راست دھوپ میں نہ نکلیں۔
- بزرگ افراد اور بچے سخت گرمی سے محفوظ رہیں۔
- مویشیوں اور پالتو جانوروں کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔
- عوام اپنی گاڑیوں کی حالت، انجن میں پانی اور ٹائروں کا پریشر چیک کر کے سفر کریں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی ہنگامی صورت میں عوام ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔